Header Ads

فیصل واوڈا کا عامر لیاقت کو آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا چیلنج


کراچی تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا نے تحریک انصاف ہی کے ایم این اے عامر لیاقت کو آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا چیلنج کیا ہے۔

عامر لیاقت اور تحریک انصاف سندھ کی قیادت میں تلخیاں بڑھتی ہی جا رہی ہیں۔

گزشتہ روز عامر لیاقت حسین کی جانب سے گورنر سندھ کی جانب سے منتخب اراکین اسمبلی کو دیئے گئے عشائیے میں نہ بلائے جانے پر تحریک انصاف کی صوبائی قیادت کو آڑے ہاتھوں لیا تھا اور پھر آج تحریک انصاف سندھ کے ایم این ایز اور ایم پی ایز کا واٹس ایپ گروپ بھی احتجاجاً چھوڑ دیا تھا۔

عامر لیاقت کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت کی باتوں سے سب کو بڑا دکھ ہوا ہے۔

انہوں نے عامر لیاقت کے 15 رکن اسمبلی ساتھ ہونے کے دعوے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ عامر لیاقت پی ٹی آئی کا ایک بھی ایم این اے اپنے ساتھ ملا لے تو انہیں مان جاؤں گا۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ عامر لیاقت اپنی پارٹی اور لیڈر پر بولتے ہیں، کیا وہ گھاس کھانے آئے تھے۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت کے معاملےمیں بتا دوں کہ اگر کوئی شخص یہ سمجھتا ہے کہ وہ شیطانی دماغ، غلیظ زبان اور غلاظت سے بھرے دل کے ساتھ مذہب کو استعمال کر کے کسی کی عزت پر آنچ لے آئے گا تو ایسے شخص کی زبان کے ساتھ جوتے کا سول بنانا جانتا ہوں۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے صدارتی امیدوار عارف علوی اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے جب عامر لیاقت کے تحریک انصاف کے ساتھ اختلافات کے حوالے سے پوچھا گیا تو دونوں رہنماؤں نے اس حوالے سے جواب دینے سے گریز کیا۔

فواد چوہدری کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اللہ ہم سب کو ہدایت دے جب کہ عارف علوی کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر عمران خان ہی بات کریں گے۔

کوئی تبصرے نہیں